بلاول ہاؤس‘ رائیونڈ محل میں بیٹھے فٹ پاتھ والوں کا درد کیا جانیں: سعد رضوی
سرگودھا (نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ ہم اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے لئے کوشاں ہے اس لئے قوم تحریک لبیک کے شانہ بشانہ کھڑی ہو جس نے قربانیاں اور خون دے کر تحفظ ختم نبوت کا پہرہ دیا۔ اس لئے 8 فروری کو ووٹ کا حق تحریک لبیک کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر ادا کرنا چاہئے۔ تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر حافظ سعد حسین رضوی نے سرگودھا آمد پر کمپنی باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک کوئی انتہا پسند جماعت نہیں۔ اگر ختم نبوت، عافیہ صدیقی اور کشمیر پر بات کرنا جرم ہیں تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔ سعد رضوی نے کہا کہ ہمارا منشور کمزور، ناتواں کے لئے حضور کا نوجوان بن کر سامنے آنا ہے۔ جو قوم کا ڈاکو، غدار اور کشمیر بیچنے والا یہاں بدمعاش اور امریکہ ایئر پورٹ پر ان کا تھوک بھی خشک ہو جاتا ہے۔ سعد رضوی نے کہا کہ احتساب کہتے ہے کہاں سے شروع کرو۔ قرض اتارو اور ملک سنوارو سے شروع کرو یا یہاں سے کہ قوم کا پیسہ لوٹ کر لندن، سرے محل خریدے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس اور رائیونڈ محل میں بیٹھنے والوں کو فٹ باتھ پر بیٹھنے والوں کا درد کہاں معلوم ہوتا ہے۔ جو اپنی بیوی کے جنازے پر نہیں آیا وہ آج قوم کے ساتھ کیا کھڑا ہوگا۔ کہتے تھے ڈار آئے گا تو ڈالر رکے گا۔ نہ ڈالر رکا نہ ڈار مہنگائی کا سیلاب روک سکا۔ سعد رضوی نے کہا کہ کہتے ہیں عمران خان کچھ نہیں کہنے دیتے۔ اب وہ میدان میں ہی نہیں اب اس کوکیا کہیں۔ جب تھا تو اس کے سامنے کھڑے تھے۔ سعد رضوی نے کہا کہ ہم ہی تھے وہ لوگ جو سارے ظلم برداشت کرکے باہر آکر روئے نہیں۔ سعد رضوی نے زور دیا کہ اگر تبدیلی اور نظام عدل چاہتے ہو تو پھر تحریک لبیک کو ووٹ دے کر کامیاب کرو۔