• news

شدید دھند، ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق، درجنوں زخمی، موٹرویز پھر بند

لاہور+ گوجرانوالہ  (نمائندگان+ ایجنسیاں ) دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، اور متعدد زخمی ہو گئے۔ جبکہ کئی مقامات سے موٹرویز بند رکھی گئیں۔ لاہور  سے  این این آئی کے مطابق  ایم ٹو لاہور سے شیخوپورہ، ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور شورکوٹ سے فیصل آباد تک بند رہی ۔ ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر تک اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے بھی بند کر دی گئی ۔  گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی  کے مطابق  شدید دھند کی وجہ سے  بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق جبکہ 26 شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ننکانہ  سے نامہ نگار کے مطابق  تھانہ بڑا گھر کے گائوں 4چک کا رہائشی نوجوان طارق جٹ   بچیکی  جا رہا تھا کہ گاڑی کی ٹکر سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واربرٹن سندرانہ بائی پاس کے قریب کیری ڈبہ اور گدھا ریہڑی کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں2 افراد  55 سالہ نذیر اور 56 سالہ عبدالرشید شدید زخمی ہوگئے۔ جبکہ بائی پاس پر ننکانہ گرڈ سٹیشن کے ٹرک کی ٹکر سے رکشہ الٹنے کے نتیجہ میں17سالہ سمیرا زخمی ہوگئی۔ تمام زخمیوں کوریسکیو1122 کے عملہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن