نارووال کی تقدیر بدل دی، کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دوں گا: احسن اقبال
ظفروال (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے حلقہ پی پی 54 بھگور خورد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا مقدمہ لے کر آیا ہوں۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں اس حلقے میں اس لئے آیا ہوں کہ اس علاقے کے بچوں کے مستقبل کا کچھ کروں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگ نارووال میں یونیورسٹیاں دیکھتے ہیں، نارووال میں وہ رونقیں لگی ہیں جو لاہور کے اندر ہیں، میں نے نارووال میں سیاست کر کے وہاں کی تقدیر بدلی ہے۔ نارووال کی یونیورسٹیوں کے اندر سات ہزار طالب علم پڑھ رہے ہیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ نارووال یونیورسٹیوں میں لاہور سے نہیں پورے پاکستان سے آ کر طالبعلم تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ این اے 75 میں کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق بانی پی ٹی آئی کرکے گیا ہے۔ انور عزیز کا بیٹا دانیال عزیز اب مجھے کہہ رہا ہے کہ میں نے مہنگائی کی ہے۔