• news

2013ء الیکشن بدتر حالات میں ہوئے، انتخابات 8 فروری کو ہی ہونے چاہئیں: عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ملک میں ایسی صورتحال نہیں کہ انتخابات نہ ہو سکیں۔ عبدالقدوس بزنجو نے بی این پی کے حمل کلمتی کے والد کی فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہونے چاہئیں، سال 2013ء  میں بھی بدتر حالات کے باوجود عام انتخابات ہوئے تھے۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی اے پی سے پیپلزپارٹی کا رخ کرنے کا مقصد بڑی پارٹی میں رہتے ہوئے بلوچستان کے ایشوز کو اٹھانا تھا۔  پیپلزپارٹی نے اٹھارویں آئینی ترمیم، بلوچستان پیکج اور این ایف سی ایوارڈ جیسے اقدامات کئے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بلوچستان میں حکومت بنائے گی۔ بلوچستان میں سرحدی تجارت کے علاوہ روزگار کے زیادہ مواقع موجود نہیں ہیں۔ ہم نے بارڈر ٹریڈ کو مؤثر بنایا مگر نگران حکومت نے سرحدیں بند کر کے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن