8 فروری کا الیکشن ملکی تاریخ میں اہم ترین ہے: حمزہ شہباز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلی پنجاب و نائب صدر ن لیگ حمزہ شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کا الیکشن ملکی تاریخ کا اہم ترین الیکشن ہے۔ اس وقت مسلم لیگ نواز شریف کی قیادت میں واحد جماعت ہے جو موجودہ بحران سے پاکستان کو نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا دوسرا نام مسلم لیگ ن ہے اور جب نواز شریف نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالی پاکستان معاشی لحاظ سے ترقی کی منازل طے کرتا گیا۔ سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کا ایک طوفان ہے جس نے ملک کو گھیر رکھا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے لوگوں کو صرف خواب دکھائے، فروری میں ہونے والے انتخابات کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ اس میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ ایک ریڑھی والے مزدور اور آپ کے بچوں کا مستقبل انتخابات سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا جب آپ نے نواز شریف کو وزیراعظم بنایا تو 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، جب ہم نے اپنی آئینی مدت کے بعد اقتدار چھوڑا تو ملک میں لوڈ شیڈنگ صفر تھی۔