ایف پی سی سی آئی وفد کی ملاقات‘ ٹریڈ انڈسٹری کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہئے: چیئرمین نیب
کراچی (کامرس رپورٹر) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے قومی معیشت کو رواں دواں رکھنے میں تاجر برادری کے کردار کو بھی سراہا جس کے ذریعے وہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور محصولات ادا کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیب نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ تاجر برادری کو سہولت فراہم کی جانی چاہیے اور ٹریڈ و انڈسٹری کو کسی صورت ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں سنیئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، نائب صدر آصف انعام، سابق سنیئر نائب صدور ایف پی سی سی آئی خالد تواب، حنیف گوہر ، مظہر علی ناصر اور ڈاکٹرمرزا اختیار بیگ، احمد چنائے ، مصطفی شیخانی اور دیگر ممتاز کاروباری رہنمائوں کے علاوہ نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز حسنین احمد اور ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ جاوید اکبر ریاض بھی موجود تھے۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ چیئرمین نیب نے ہمیں بتایا ہے کہ تاجروں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے وہ کاروباری برادری سے متعلق زیر التوا نیب کیسز کا جائزہ لیں گے اور ایسے تمام مقدمات جو غلط اور غیر ضروری ہیں وہ ختم کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل تیزی سے مکمل ہونے کی توقع ہے اور اگلے دو ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گا۔ عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ کاروباری، تجارتی، صنعتی،کمرشل اور اقتصادی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے ملکی قانون کی بالادستی ضروری ہے۔