• news

ملتان کا 5 گھنٹے دورہ، 5 بڑے منصوبوں کا افتتاح، ایک منٹ بھی ضائع نہیں کر سکتے: محسن نقوی

لاہور، گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے  جنوبی پنجاب کے عوام کو سہولت اور ریلیف کی فراہمی کے لئے ملتان کا 5گھنٹے طویل دورہ کیا اور اربوں روپے کے 5بڑے فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے چلڈرن ہسپتال کی 100بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ نئی ایمرجنسی فنکشنل ہو گئی۔  محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نئی ایمرجنسی کا افتتاح کیا۔ ملتان میں پنجاب کا چوتھا بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرکھل گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے جلالپور پیروالہ میں تعمیر و بحالی کے بعد 3 بڑی سڑکوں کا افتتاح کیا۔ شجاع آباد فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ حضرت شاہ شمس تبریزؒ کے مزار کی ا پ گریڈیشن کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے  میڈیا سے گفتگو  میں کہا کہ چلڈرن ہسپتال ملتان کی حالت انتہائی ابتر تھی۔ قبل ازیں  محسن نقوی نے رات گئے گنگارام اور جنرل ہسپتال کا 3گھنٹے طویل دورہ کیا۔  گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔  ہسپتال کے برآمدے سے گزرنے والی سیوریج لائن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی طلب کر لیا اور سیوریج لائن کو متبادل جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے، ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرسکتے۔ دونوں ہسپتال ٹائم لائن کے اندر مکمل چاہئیں۔ اپ گریڈیشن کے کاموں میں معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔  جس کام کا بیڑا اٹھایا ہے، اس کی پیشرفت کاخود جائزہ لیتا ہوں۔ محسن نقوی اور صوبائی وزراء نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔  بیڈز اور دیگر سامان ہسپتال کے باہر پڑا دیکھ کر برہمی کا اظہار  کیا اور کہا کہ ہسپتال کے سامان کی حفاظت کے لئے مناسب انتظامات نہ کرنا غفلت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن