سنیچنگ کی روک تھام کیلئے سفید پارچہ جات میں نفری تعینات کرنے کاحکم
لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن و صدر ڈویژنز اور گلبرگ سرکل کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ سی سی پی او لاہورنے ڈی ایس پی (آپریشنز)سبزہ زار،ایس ایچ او اور انچارج انوسٹی گیشن سمن آباد، ایس ایچ او اور انچارج انوسٹی گیشن شیرا کوٹ، ایس ایچ او اور انچارج انوسٹی گیشن رائیونڈ، ایس ایچ او اور انچارج انوسٹی گیشن مانگا، ایس ایچ او اور انچارج انوسٹی گیشن سندر، ایس ایچ او اور انچارج انوسٹی گیشن چوہنگ، انچارج انوسٹی گیشن اقبال ٹاؤن اور ٹاؤن شپ کو بہتر کارکردگی پر شاباش دی اور انعام کا اعلان کیا۔انہوں نے انچارج انوسٹی گیشن سبزہ زار کو ناقص کارکردگی پر وارننگ دیکر کارکردگی بہتر بنانے‘ زیر ِ التواء روڈ سرٹیفکیٹس اور زیر ِ تفتیش مقدمات فوری یکسو کرنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے سنیچنگ کی روک تھام کیلئے ڈیکائے لگانے اور مؤثر پٹرولنگ کیساتھ ساتھ سفید پارچہ جات میں نفری تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ سپروائزری افسران کو روزانہ کی بنیاد پر ٹیموں کو ٹاسک دینے اور مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب مجرمان کی شناخت پریڈ اور ریکوری یقینی بنائی جائے۔