ہم نے فوج پر کبھی بطور ادارہ تنقید نہیں کی، خواجہ آصف
سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے ہم نے فوج پر کبھی بھی بطور ادارہ تنقید نہیں کی۔ سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا الیکشن میں چند روز رہ گئے ہیں اور لوگ پوچھتے ہیں شہر میں کیا کام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے 46 ارب روپے لگا کر موٹر وے دی جبکہ پی ٹی آئی کے دور میں ایک اینٹ بھی نہ لگی۔ ن لیگی رہنما نے مزید کہا نواز کو چوتھی بار موقع ملا تو رہ جانے والے مسائل بھی حل کریں گے۔آپ لوگوں کا حق بنتا ہے ہمارا گریبان پکڑ کر کہیں ہمارے مسائل حل کر یں۔ میرے خلاف نیب میں درخواستیں دیں لیکن میں نے کبھی کسی کے خلاف درخواست نہیں دی۔ میں نے سیاسی کارکن کی حیثیت سے ان آزمائشوں کو برداشت کیا۔