وزیراعظم کی کرسی خطرناک، بادشاہ سمجھتا ہے میں ہی سب کچھ ہوں: جہانگیر ترین
ملتان، لودھراں (سپیشل رپورٹر، خبر نگار، نمائندہ نوائے وقت، ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے سابق تحصیل ناظم سید اصغر شاہ گیلانی کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ امیدوار برائے حلقہ پی پی 228 نذیر خان بلوچ اور سید اصغر شاہ گیلانی نے بھی عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ لودھراں کے لوگوں نے مجھے پناہ عزت دی ہے۔ میرا فرض ہے کہ یہاں کے عوام کی خدمت کے ذریعے ان کا قرض چکاؤں۔ لوگوں کو پتہ چلے گا کہ ہم نے اپنا ووٹ صحیح جگہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری عمر کے ساتھ ساتھ کام کرنے کا جذبہ بھی بڑھ گیا ہے۔ عوام نے کامیاب کیا تو پورے پاکستان میں ترقی یافتہ لودھراں کا نام ہوگا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ میں نے نئی پارٹی اس لیے بنائی کہ 10/12 سال ایک جماعت کے لئے دن رات کام کیا، مگر جب وہ لیڈر وزیر اعظم بنے تو سب کچھ بدل گیا۔ وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھتے ہی لوگوں نے ان کی تعریفوں کے پل باندھنا شروع کردیے۔ وزیر اعظم کی کرسی خطرناک چیز ہے، بادشاہ سمجھتا ہے میں ہی سب کچھ ہوں۔ لوگ عوام کو بھی بھول جاتے ہیں جو عوام انہیں وزیر اعظم بناتی ہے۔ پرانی باتیں چھوڑ کر میں نئی باتیں کروں گا، جو ہوگیا گزر گیا۔ اب ہمیں آگے کی طرف دیکھنا ہے۔ اب ہمیں ملک کا سوچنا ہے، پاکستان ترقی کرے گا تو لودھراں اور عوام ترقی کریں گے۔ ملک ایسے نہیں چلتے جیسے گزشتہ ادوار میں چلائے گئے۔ ملک کی معیشت مضبوط، نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنا ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔ دنیا میں پاکستان کی عزت ہونی چاہیے، ہمیں ملک کے لئے سوچنا ہوگا۔ علاوہ ازیں جہانگیر ترین نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔