• news

جمعیت اہلحدیث نے این اے 44 265 میں فضل الرحمٰن کی حمایت کر دی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الہٰی ظہیر سے مولانا ضیاء الرحمن رہنماء جے یو آئی (ف)کا رابطہ ہوا جس میں اْنہوں نے جمعیت اہل حدیث سے مولانا فضل الرحمٰن کی حمایت کا مطالبہ کیا جس پر جمعیت اہل حدیث پاکستان کی انتخابی کمیٹی نے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمٰن کی حلقہ این اے 44 اور 265 میں مولانا فضل الرحمٰن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ جمعیت علمائے اسلام کی قیادت مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے بھائی مولانا ضیاء الرحمٰن نے مولانا کی حمایت کرنے پر علامہ ہشام الہٰی ظہیر کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا ہشام الہٰی ظہیر میرے بیٹوں جیسا ہے اور والد کا بہترین جانشین ہے۔ ان کی ملک میں قرآن وسنت کے عملی نفاذ و جمہو ریت کی بالادستی کے حوالے سے جہود قابل ستائش ہیں۔ اْن کا کہنا تھا دینی جماعتوں کی ایک دوسرے کی حمایت سے مستقبل میں اچھے تعلقات کی راہ ہموار ہو گی۔ علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا شہید ملت امام العصر علامہ احسان الہٰی ظہیر کے ساتھ مولانا فضل الرحمٰن کے گہرے دوستانہ مراسم تھے۔ دونوں راہنماؤں نے 80کی دہائی میں ایم آر ڈی سمیت دیگر تحریکوں میں ملکر پاکستان میں قرآن و سنت کے عملی نفاذ اور جمہوریت کی بالادستی، مارشلاؤں کے خلاف کا م کیا ہے۔ جمعیت اہل حدیث پاکستان اور جے یو آئی (ف) سیاسی میدان میں مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون، مضبوط تعلقات کی خواہش مند ہے۔ مولانا ضیاء الرحمٰن نے کہا جمعیت اہلحدیث پاکستان اور جے یو آئی مستقبل میں ملکر پاکستان میں امن و امان‘ ملکی سلامتی‘ استحکام‘ مضبوط معاشی صورتحال کے لئے جدوجہد کرے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن