پاک چین دوستی ہمہ جہت سٹرٹیجک شراکت داری بن چکی ‘ اسحاق ڈار
اسلام آباد (خبرنگار)پاک چین دوستی ایک ہمہ جہت سٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکی ہے جو نہ صرف دونوں ممالک کے عوام بلکہ پورے خطے کی خوشحالی، فلاح و بہبود اور امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے ان خیالات کا اظہار قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی دعوت پر چینی سفارتخانے کے دورے کے موقع پر کیا۔ دونوں فریقین نے موجودہ اقتصادی اور سٹریٹجک تعاون کو تقویت دینے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقعوں کے حوالے سے تفصیلی پر تبادلہ خیال کیا سینیٹر ڈار نے ہر طرح کے مشکل اور بحرانی حالات اور قدرتی آفات کے دوران چین کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار نے نشاندہی کی کہ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور مالیاتی شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔