یوگنڈا‘ وزیر خارجہ کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات‘ تعلقات بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر خارجہ نے سری لنکا کے ہم منصب علی صابری سے ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات یوگنڈا کے شہر کمپالا میں غیروابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ پاک سری لنکا وزرائے خارجہ نے پاک سری لنکا تجارت‘ سرمایہ کاری‘ مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 16 سے 22 جنوری 2024 تک کمپالا، یوگنڈا کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ غیر وابستہ تحریک کے سربراہی اور دیگر اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سربراہی اجلاس ممبران کے لیے عالمی، علاقائی، سیاسی اور سماجی اقتصادی مسائل پر مشترکہ موقف پر غور کرنے اور ان کو بڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ غیر وابستہ تحریک سربراہی اجلاس میں، وزیرخارجہ بین الاقوامی امن، سلامتی اور ترقی سے متعلق مقامی اور عصری عالمی چیلنجوں پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ وہ کثیرالجہتی کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کو فروغ دینے کے لیے این اے ایم کے کردار کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیں گے۔