مزید 778 غیرقانونی افغان شہریوں نے پاکستان چھوڑ دیا:حکام
لاہور ( این این آئی) پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 15 جنوری کو مزید 778غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، واپس جانے والوں میں 214مرد، 143خواتین اور 421 بچے شامل ہیں۔افغانستان روانگی کے لئے 42 گاڑیوں میں 72 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی تاہم سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 15جنوری تک مجموعی طور پر 4لاکھ 68ہزار 929افغان باشندے اپنے ملک جا چکے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بڑی تعداد موجود تھی جن کی وجہ سے سمگلنگ اور بھتہ خوری بہت عام تھی، تاہم قابل اطمینان امر یہ ہے کہ حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے ملک سے غیر قانونی افراد کا انخلا جاری ہے۔