• news

 لاہور سے بلاول کو جتوائیں گے پھر وزیراعظم بنوائیں گے: زرداری

لاہور+اسلام آباد (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم ورکرز کی خواہش پر چلتے ہیں، ہمارے ورکرز کو یقین ہوتا ہے کہ ہمارا لیڈر نہیں جھکے گا۔ بلاول بھٹو کو این اے127سے جتوا کر ایم این اے بنائیں اور پھر وزیراعظم بنوائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں پی پی 161 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کے انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارا سفر بڑا لمبا ہے۔ ہم چالیس برس سے سیاست کر رہے ہیں۔ جیلوں میں میری آپ سب سے ملاقاتیں رہی ہے۔ میں نے اپنے ہاتھ سے لگائے آم کے درخت کا پھل بھی جیل میں کھایا ہے۔ میں نے اس وقت کارکنوں سے کہا میں بے قصور ہوں، آپ سے میری جیل اور پیشی کے موقع پر  ملاقات رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کا سسٹم ایسا ہے کہ ہم ورکرز کی خواہش پر چلتے ہیں۔ بلاول بھٹو کو اس نشست سے جتوائیں گے اور وزیراعظم بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن