• news

الیکشن: عمران، شاہ محمود، پرویز الٰہی، حماد اظہر، صنم جاوید آؤٹ، شیخ رشید ان، سواتی دستبردار

لاہور‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی + بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان‘ شاہ محمود قریشی‘ پرویز الٰہی‘ صنم جاوید اور فواد چودھری لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیں خارج ہونے پر الیکشن سے آؤٹ جبکہ شیخ رشید ان ہو گئے ہیں۔ اعظم سواتی الیکشن سے دستبردار ہو گئے جبکہ مراد سعید کی اپیل پر پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ تفصیل کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ریٹرننگ آفیسر اور اپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے اور ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔ عمران خان نے لاہور اور میانوالی سے الیکشن لڑنے کیلئے اپیل کی تھی۔ آر او اور اپلیٹ ٹربیونل نے این اے 122 اور این اے 89 سے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔ پرویز الٰٖہی کے این اے 64, 69 اور پی پی 32, 34 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے این اے 150 این اے 151 اور پی پی 218 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔ اسی طرح لارجر بنچ نے فواد چودھری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔ فواد چودھری نے این اے 60 اور این اے 61 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ صنم جاوید نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 119 اور 120 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر دیئے تھے۔ لاہور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست خارج کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے راولپنڈی کے حلقے این اے 56سے شیخ رشید کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی عام انتخابات سے دستبردار ہو گئے اور انہوں نے پارٹی کو ٹکٹ بھی واپس کر دیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم‘ جسٹس اعجاز انور اور جسٹس صاحبزادہ اسد اﷲ پر مشتمل بینچ نے مراد سعید کے کاغذات نامزدگی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن