• news

آئی ایم ایف سے 70 کروڑ موصول، امارات نے 2 ارب ڈالر کا قرض موخر کر دیا

کراچی +اسلام آباد (کامرس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول ہوگئی جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھی حکومت کی درخواست پر 2 ارب ڈالر قرض موخر کردیا ہے جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ ہفتے اقتصادی جائزے کی منظوری کے ساتھ سٹاف سطع کے معاہدے اور اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت اب تک 1.9 ارب ڈالر کی رقم موصول ہوچکی ہے۔ پاکستان کو مزید 1.1 ارب ڈالر ملیں گے جس کے لیے اگلے ماہ مذاکرات ہونا ہیں۔ آخری قسط اپریل میں موصول ہونا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی درخواست پر متحدہ عرب امارات نے بھی دو ارب ڈالر کا قرضہ جون 2025ء تک کیلئے رول اوور کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق جو قرض رول اوور کیا گیا ہے یہ رواں ماہ میچیور ہونے پر واپس کرنا تھا جس کی واپسی اب جون 2025 تک موخر ہوگئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن