• news

پلان سی نہیں بتا سکتے، نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈلا جائے: بانی پی ٹی آئی

 راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 8  فروری کو جو سماں ہوگا وہ منظر ہی کچھ اور ہوگا۔ نواز شریف کا نام الیکشن تک ای سی ایل پر ڈالا جائے۔ ہار گئے تو دوبارہ لندن بھاگ جائیں گے۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قران پاک میں ہے کہ جو معاشرے امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر نہیں چلتے وہ تباہ ہو جاتے ہیں، قرآن میں یہ بھی ہے کہ منافق بدی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور اچھائی کے خلاف جاتے ہیں، انصاف کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ لوگوں کو اٹھا اٹھا کر 9 مئی میں ڈالا جا رہا ہے۔ مریم کے فلیٹس کو کیوں نہیں پوچھا جاتا؟۔ نواز شریف مریم نواز اور زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں لیں ان سے کیوں نہیں پوچھا جا رہا؟۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھنا ہے۔ ہمارے امیدوار انتخابی مہم کے لیے نکلتے ہیں تو ان پر ایف آئی آر کٹ جاتی ہے۔ ان کی تمام تر توجہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے پر لگی ہوئی ہے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب کرلیے گئے ہیں۔ خارجہ پالیسی پر کسی کی توجہ نہیں ہے۔ پلان سی نہیں بتا سکتے۔ مجھے ویل چیئر سے بائیو میٹرک کراتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا اور نواز شریف کی بائیو میٹرک ایئرپورٹ پر کی گئی۔ پاکستان کی بہتری سیاسی استحکام میں ہے۔ جیل میں موبائل فون سے آزاد ہوگیا ہوں، ریلیکس ہونے کا ٹائم بھی مل جاتا ہے اور ورزش بھی کر لیتا ہوں، قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں غلام بننا ہے یا آزاد قوم، یہ جنگ آزادی کی جنگ ہے کیا ہم نے ہمیشہ طاقت ور کی غلامی کرنی ہے، جب تک زندہ ہوں لڑتا رہوں گا، غلامی قبول نہیں کروں گا۔ نواز شریف کیوں خاموش ہے کیونکہ اس نے غلامی قبول کرلی ہے۔ اُدھر بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واپس اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن