نیوزی لینڈ نے بہتر کھیل پیش کیا‘ بہت سی غلطیاں ہوئیں:شاہین آفریدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر )قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان پہلی ہی سیریز میں ناکام ہوگئے۔ میچ کے اختتام پر کہا کہ نیوزی لینڈ نے سے بہتر کھیل پیش کیا، بہت سی غلطیاں ہوئیں، خاص طور پر بائولنگ توقعات کے مطابق نہ کرسکے۔ ٹیم میں صلاحیت ہے، وننگ کمبی نیشن تیارکرنے کیلئے کچھ وقت دینا پڑیگا۔ بائولرز درست لائن و لینتھ پر بائولنگ کرتے تو رزلٹ مختلف ہوتا، کیوی ٹیم اپنی کنڈیشنز پر خطرناک حریف ثابت ہوتی ہے ۔ حارث رئوف کا دفاع کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے بائولرز کو بھی رنزپڑے ہیں، میچ میں ایسا ہوتا ہے صائم ایوب اور اعظم خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نوجوان کیلئے نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں پرفارمنس مشکل ہوتی ہے، دونوں بہت باصلاحیت ہیں، صائم ایوب مستقبل کا سٹار ہے۔ سپورٹ کی ضرورت ہے۔ تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم نے تینوں میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اگر انہیں ایک اینڈ سے سپورٹ ملتی تو وہ میچ ختم کرکے واپس آتے، بابر نے ثابت کیا کہ انکی فارم بحال ہوچکی ہے۔ اللہ نے حضرت یوسف علیہ السلام کو کنویں سے نکال کر مصر کا بادشاہ بنایا، ہر مشکل کے بعد آسانی ہے۔ اس ٹیم کو وقت دیں، محنت کررہے ہیں نتیجہ بھی آئیگا۔