• news

قومی، صوبائی نشستوں پر 7185 امیدوار، 882 خواتین، 4 خواجہ سرا بھی شامل

اسلام آباد (نیٹ نیوز) الیکشن کمشن نے عام انتخابات میں جماعتی بنیاد اور آزاد حیثیت میں حصہ لینے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی تفصیلات جاری کردی۔ قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3 ہزار 748 آزاد اور ایک ہزار 873 سیاسی جماعتوں کے امیدوار ں حصہ لے رہے ہیں، صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 8 ہزار 537 آزاد اور 4 ہزار 158امیدوار سیاسی جماعتوں کے ٹکٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 882 خواتین امیدوار میدان میں ہیں، جن میں قومی اسمبلی کے لیے 312 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 570 خواتین شامل ہیں۔ الیکشن کمشن نے بتایا ہے کہ انتخابات کے لیے ملک بھر میں 4 نشستوں پر خواجہ سرا بھی امیدوار ہیں جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے مجموعی طور پر 6 ہزار 31 سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی نسبت تقریبا دو گنا آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر 6 ہزار 710، سندھ اسمبلی کی نشستوں پر 2 ہزار 878 امیدوار، خیبر پی کے اسمبلی کی نشستوں پر ایک ہزار 834، بلوچستان اسمبلی کے لیے ایک ہزار 273 امیدوار میدان میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن