اداروں نے خاندانی سیاست کو مسلط کیا تو عوام تسلیم نہیں کریں گے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی 90 کی دہائی کا ڈرامہ پیش کر رہی ہیں۔ حقیقت میں یہ دونوں ایک ہیں، ان میں سے کسی ایک کو ووٹ دینا دوسرے کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے۔ استعمار کی سہولت کار سالہا سال اقتدار میں رہنے والی خاندانوں کی پارٹیاں صبح مفادات کی خاطر جھگڑتی، شام کو ایک ہو جاتی ہیں۔ قوم خاندانوں کی سیاست سے بیزار ہو چکی۔ اداروں نے انہیں اس دفعہ بھی مسلط کیا تو عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ قوم کے 35برس ڈکٹیٹروں نے بقیہ عرصہ نام نہاد جمہوری پارٹیوں کی حکومتوں نے تباہ کردیا، وہی نظام جاری رکھا گیا جس کو بدلنے کے لیے اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ 8فروری کو کامیاب ہو کر انگریز کے نظام کی جگہ اسلامی نظام نافذ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فورٹ عباس میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے چوتھی باری کے خواہش مند ہیں۔ اب باریوں کا دور چلا گیا، عوام حق حکمرانی مانگ رہے ہیں۔ آزمودہ حکمرانوں کو مزید موقع دینا ملک کے آئندہ پانچ سال ضائع کرنے کے مترادف ہیں۔