انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ،عوام کو مایوس نہیں کریں گے،حمزہ شہباز
لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں 8فروری 2024ء کے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے سابق صدر حاجی امداد حسین ، سید توصیف شاہ ، وحید عالم ، بائو اختر ، وحید گل ، باقر چوہدری ، ملک شبیر کھوکھر ، رفاقت ڈوگر ایڈووکیٹ ، ناصر چوہان ایڈووکیٹ ، عمران گورائیہ ، کبیر تاج ، میاں جمیل ، صبغت اللہ سلطان اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر آئندہ عام انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں بھی ملک کو مشکلات سے باہر نکالا ہے اور عوام کو مستقبل میں بھی مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اناڑی نے ملک کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ، اگر پی ڈی ایم کی جماعتیں اس کے خلاف عدم اعتماد نہ لاتیں تو خدانخواستہ ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھرپور اتحاد کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنا ہے ، پارٹی رہنما اور کارکنان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔صبغت اللہ سلطان ، کبیر تاج ، میاں جمیل نے کہا کہ میاں نواز شریف ، میاں شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) متحد اور متحرک ہے ، 8فروری 2024 کا الیکشن میاں نواز شریف کی کامیابی کا سال ہے ۔ حاجی امداد حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں متحدہیں اور بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ، عوام نے آئندہ عام انتخابات میں ملک کی باگ ڈور مسلم لیگ (ن) کو سونپنے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے ۔