• news

ہائی کمشنر کی محسن نقوی سے ملاقات، افرادی قوت کینیڈا بجھوانے معاہدے پر بات چیت

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی سے کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، پنجاب حکومت اور کینیڈا کے درمیان افرادی قوت کو کینیڈا بھجوانے کے حوالے سے مجوزہ معاہدے پر بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا میں بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو روزگار کے لئے کینیڈا بھجوایا جائے گا۔ رواں ماہ پنجاب حکومت کا وفد کینیڈا جا کر معاہدے پر دستخط کرے گا۔ معاہدے سے پاکستانی نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے گا اور پاک کینیڈا تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ تحفظ ماحول خصوصاً سموگ سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے سموگ میں کمی کیلئے لاہور میں مصنوعی بارش کے تجربے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے مختصر عرصے میں متعدد شعبوں میں نمایاں کام کیا ہے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔ محسن نقوی نے بتایا کہ اکثر ہسپتالوں کی حالت انتہائی خراب تھی، اب یہ یکسر تبدیل ہو رہے ہیں۔ عوامی فلاح کے منصوبوں کو ڈیڈلائن سے پہلے مکمل کیا تاکہ عوام منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین اور چینی ماہرین ماحولیات کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چین کے ماہرین ماحولیات سے سموگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی ماہرین کے وفد نے لاہور میں سموگ کے اسباب کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ جس کے مطابق نامیاتی، غیر نامیاتی ایندھن کا غیر ضروری استعمال، فضا  میں زیادہ نمی سموگ کی وجہ قرار دیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کے سدباب کیلئے جامع اور ٹھوس رپورٹ چاہیے تاکہ حکومت کو آئندہ آسانی ہو۔ سکو ل بند، فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی اور ٹریفک میں کمی کے باوجود سموگ کا ہونا قابل غور ہے۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ سموگ کا مسئلہ حل ہونے میں وقت لے گا، چین نے سات سال میں قابو پایا۔ محسن نقوی نے لاہور بزنس مین ایسوسی ایشن فار ری ہیبلیٹیشن آف دی ڈس ایبلڈ ایوننگ‘‘ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ لیبارڈ ایوننگ میں محسن سپیڈ کے چرچے رہے۔ شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ محسن نقوی لیبارڈ کے بورڈ میں شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں عزت سے نوازا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل افراد کے لئے کام کرنے والے لوگ بہت خاص ہوتے ہیں۔ اچھے کام کرنے کے لئے اچھی نیت ضرور ہونی جاہئے۔ محسن نقوی نے تجویز پیش کی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 35 ہزار ممبر اگر 100 روپے ماہانہ دیں تو مزید ڈونیشن کی ضرورت نہیں رہتی۔ 

ای پیپر-دی نیشن