پاکستان پر ایران کا حملہ شرمناک ‘ قابل مذمت ہے:اشرف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے پاکستان پر ایران کے حملہ کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا پاکستان پر ایران کا حملہ نہایت شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ ایران نے اسے حملے سے بڑے خطرناک سلسلے کا آغاز کیا ہے جس کے نتائج بڑے بھیانک ہو سکتے ہیں۔ جیش العدل کے ٹھکانوں کا بہانہ بنا کر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ایران کو بہت مہنگی پڑے گی۔ عالمِ اسلام پہلے ہی بہت سے مسائل سے دوچار ہے۔ ایران نے ایک نئی اشتعال انگیزی کا دروازہ کھول دیا ہے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے ایرانی میزائیل اسرائیل کا رخ کریں گے مگر ایران نے اپنے برادر اسلامی ملک کو ہی بربریت کا نشانہ بنا دیا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم افواجِ پاکستان کو یقین دلاتی ہے کہ دفاعِ پاکستان کے ہر مرحلے میں ہم اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایران کو بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے تاکہ وہ آئندہ میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف نہ دیکھے۔