پاکستانی سکواڈ مضبوط‘انڈر19ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرینگے : خبیب خلیل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)بائولنگ آل راؤنڈر خبیب خلیل کا تعلق خیبرپی کے کے ضلع کرک سے ہے اور اب انہیںپاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔خبیب نے کہا کہ میں نے بہت مشکل حالات میں کرکٹ کھیلی ہے۔ مجھے اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے سخت کام کرنا پڑے جن میں مزدوری بھی شامل ہے۔ میرے والد مالی مسائل سے دوچار تھے۔ مجھے قومی انڈر 19 مقابلوں میں کھیلنے کے بعد پی سی بی سے کچھ رقم ملی جس سے مجھے کئی مسائل حل کرنے میں مدد ملی۔ یہی وہ پہلا موقع تھا جب میں نے اپنا کٹ بیگ خریدا تھاخبیب نے جنوبی افریقہ کے فاسٹ بائولر ڈیل سٹین سے متاثر ہو کر تیز بائولنگ شروع کی۔ ان کا بائولنگ ایکشن بہت سموتھ ہے اچھی لائن اور لینتھ پر بائولنگ کرتے ہوئے بیٹرز کو پریشان کرتے ہیں۔خبیب نے بیٹنگ میں بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ ان کے پاس دفاع اور پاور ہٹنگ کی مہارت موجود ہے۔ نیٹ سیشنز میں کوچز کو ان میں لوئر آرڈر بیٹر کی حیثیت سے اعتماد کی جھلک نظر آئی ہے۔خبیب نے کہا کہ مجھے حالیہ انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر خوشی ہے جس سے مجھے ایکسپوژر ملا۔ میں نے ڈومیسٹک انڈر 19 مقابلوں میں بیٹ اور گیند دونوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے مجھے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا اعتماد ملا ہے۔ ہمارے پاس ایک بہت اچھا مضبوط سکواڈ ہے جس کی رہنمائی محمد یوسف سمیت بہترین کوچز نے کی ہے اور یقین ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہر کریں گے۔