• news

پی سی بی کوچزمکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن ‘ اینڈریو پٹک عہدوں سے مستعفی 

لاہور (سپورٹس رپورٹر)مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پٹک جنہیں نومبر 2023 میں اپنے رول میں تبدیلی کے بعد لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فرائض سونپے گئے تھے انہوں نے اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا ہے۔اپریل 2023 میں مکی آرتھر کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا جبکہ گرانٹ بریڈ برن کو گزشتہ سال کے شروع میں پاکستان کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اینڈریو پٹک اپریل 2023 سے پاکستان کے بیٹنگ کوچ تھے۔اپنے حالیہ دور سے پہلے مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے جس کے دوران پاکستان نے آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم کی درجہ بندی میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی اور 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔57 سالہ گرانٹ بریڈ برن  2018 سے 2020 تک پاکستان مینز ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اکتوبر 2021 تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہائی پرفارمنس کوچنگ کا کردار ادا کیا۔ پاکستان ٹیم نے جب 2023 میں آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم رینکنگ میں نمبر 1 مقام حاصل کیا تو یہ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔تینوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو جنوری 2024 کے آخر تک اپنی اپنی ملازمتیں چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان خوش اسلوبی سے کیا گیا۔ پی سی بی ان کی مستقبل کی کوششوں میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے اور ان کی خدمات کا شکر گزار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن