• news

این اے117‘ (ق) لیگی امیدوار علیم خان کے حق میں دستبردار، متعدد شخصیات کی بھی حمایت

   لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور کے حلقہ این اے117سے مسلم لیگ (ق) کے امیدوار میاں وحید احمد نے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار عبدالعلیم خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ اسی طرح دونوں صوبائی حلقوں پی پی145اور 146سے بھی صوبائی اسمبلی کے امیدوار سید حشمت علی اور سید راشد ریاض بھی الیکشن میں حصہ لینے کی بجائے اب عبدالعلیم خان کا ساتھ دیں گے۔ اس کا اظہار سابق گورنر پنجاب اور مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری محمد سرور کی موجودگی میں  بڑے استقبالیے میں کیا گیا جہاں عبدالعلیم خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین سیاست میں ان کی پسندیدہ شخصیت ہیں جن کا اپنا وقار اور سیاسی ساکھ ہے۔ مزید برآں این اے 117سے ہی پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر ملک آصف جاوید مرحوم کے صاحبزادے احمد آصف بھی آئی پی پی میں شامل ہو گئے۔ مسلم لیگ ق یوتھ ونگ کے صدر حمزہ ملک نے بھی عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ شاہدرہ سے سابق کونسلرز کے وفد نے نعیم مغل کی سربراہی میں عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں صدر فروٹ منڈی، ریلوے یونین کے صدر، یاسر ایوب بھٹی، گل جان، پروفیسر عرفان علی‘ ظفراﷲ ملک‘ محسن شاہ‘ داؤد خان اور منیر حسین بھٹی بھی شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن