نواز شریف کے حافظ آباد جلسے کی جھلکیاں
حافظ آباد (امجد پرویز چٹھہ+ محمود صادق دھوتھڑ سے)٭جلسہ گاہ سے ملحقہ کالج گرائونڈ میں ہیلی پیڈ بنایا گیا تھا۔ ٭جلسہ گاہ کو لیگی قائدین کی خوبصورت تصاویر کی پینافلیکسز اور لیگی جھنڈوں سے سجایا گیا۔ ٭جلسہ گاہ میں 20فٹ چوڑا اور 80فٹ لمبا سٹیج تیار کیا گیا۔ ٭2013ء کے عام انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ میاں محمد نواز شریف حافظ آباد کسی عوامی جلسے سے خطاب کے لئے تشریف لائے۔ ٭این اے 67 اور پی پی 38سے مسلم لیگ کے امیدوار اس جلسہ کے میزبان تھے۔ ٭جلسے میں شریک خواتین نے سبز رنگ کے دوپٹے اوڑھ رکھے تھے جن پر شیر کی تصویر بنی تھی۔ ٭امیدوار برائے این اے 67سے سائرہ افضل تارڑ ، پی پی37سے میاں شاہد حسین بھٹی، پی پی 38سے شیخ گلزار احمد اور پی پی 39سے عون جہانگیر بھی سٹیج پر موجود تھے۔ ٭میاں محمد نواز شریف کا ہیلی کاپٹر پہلے کولو تارڑ اترا جہاں انہوں نے سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں افضل حسین تارڑ سے ان کے بیٹے کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ ٭پی پی 38کے امیدوار شیخ گلزار احمد نے اپنے خطاب کے بعد این اے 67 سے امیدوار سائرہ افضل تارڑ کو خطاب کی دعوت دی۔ ٭سائرہ افضل تارڑ نے اپنے خطاب کے بعد میاں محمد نواز شریف کو خطاب کی دعوت دی۔ ٭میاں محمد نواز شریف کے خطاب سے قبل آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ٭میاں محمد نواز شریف نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ آج کئی سال بعد حافظ آباد آکر یادیں تازہ ہو گئیں۔ ٭جلسہ سے خطاب کے دوران میاں محمد نواز شریف جذباتی ہو گئے۔ کارکنوں کی جانب سے آتش بازی پر زور دے کر کہا بند کرو بند کرو میں کوئی لمبی بات کرنے نہیں آیا۔ ٭میاں محمد نواز شریف نے اپنی تقریر کے بعد مریم نواز کو تقریر کی دعوت دی۔ ٭04:17 پر میاں محمد نوازشریف سٹیج سے واپس ہیلی پیڈ روانہ ہوئے۔ ٭04:28منٹ پر میاں محمد نواز شریف کا ہیلی کاپٹر واپس لاہور کے لئے روانہ ہو گیا۔ ٭میاں محمد نواز شریف کے چلے جانے کے بعد مقامی قائدین سٹیج پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔