• news

بھارت منی پور میں علیحدگی پسندوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 2فوجی ہلاک

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) ریاست منی پور  میں علیحدگی پسندوں نے آرمی چیک پوسٹ پر گوریلا حملہ کیا جس میں بھارتی فوج کو جانی اور مالی نقصان اْٹھانا پڑا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خانہ جنگی کے شکار بھارتی ریاست منی پور کے ضلع ٹینگنوپل میں مودی سرکار نے دو روز قبل سے صبح 12 بجے سے رات گئے تک کا مکمل کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ کرفیو کے باوجود امن عامہ کی بحالی کے لیے قائم کی گئی بھارت کی فوجی چیک پوسٹ پر حملہ آوروں نے بم پھینکے۔ جیسے ہی بھارتی فوجی اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ نکلے تو حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ حملے میں 2 فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی شناخت وانگ کھیم سومرجیت میتی اور تاکھیل مبم سیلیش کے نام سے ہوئی۔ خیال رہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ منی پور کے ’’کوکی قبیلے‘‘ سے تعلق رکھنے والے گوریلا جنگجوؤں نے کیا تھا جو بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ ادھر کوکی قبیلے کے عمائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی پولیس کوکی شہریوں پر حملے کر رہی ہے اور انھیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ منی پور میں 3 مئی 2023 سے جاری قبائلی جھگڑے میں 180 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن