’’قتل یا حادثہ‘‘ پلازے کی 10 ویں منزل سے گر کر طالب علم ہلاک
لاہور (نامہ نگار) ڈیفنس بی کے علاقے میں مبینہ طور پر 20 سالہ طالبعلم پلازے کی دسویں منزل سے نیچے کودنے سے جاں بحق ہو گیا۔ شناخت 20 سالہ سید موسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق عمارت کے فلیٹ میں 20 کے قریب لڑکے لڑکیاں پارٹی کر رہے تھے کہ نشے کی حالت میں موسیٰ نے دسویں منزل سے نیچے چھلانگ لگا دی، جس سے اس کی نیچے گرتے ہی موت واقع ہو گئی۔ سید موسیٰ کا تعلق اسلام آباد سے تھا، جو ڈیفنس میں نجی یونیورسٹی میں بی ایس سی کا طالب علم تھا۔ پولیس نے پارٹی میں شریک تمام افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ واقعہ کا مقدمہ متوفی طالب علم کے والد سید جنید کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ متوفی نے خود چھلانگ لگائی ہے یا کہ اسے دھکا دیا گیا ہے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ واضح رہے کہ ڈیفنس میں چند روز قبل علینہ نامی لڑکی نے بھی ریسٹورنٹ کی چھت سے نیچے چھلانگ لگائی تھی۔