عام آدمی کو غربت کی دلدل سے نکالیں گے: حمزہ شہباز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلی پنجاب و نائب صدر ن لیگ حمزہ شہباز شریف نے انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں ماڈل ٹاؤن لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی اس وقت بے پناہ مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور مسلم لیگ ن جب بھی حکومت میں آئی ہے اس کی توجہ کا مرکز روزمرہ کی زندگی میں بہتری اور ملکی ترقی رہی ہے۔ پنجاب میں ہم 100 یونٹ تک فری بجلی کا منصوبہ لے کر آئے لیکن اسے چلنے نہیں دیا گیا۔ اقتدار میں آ کر ان شاء اللہ اس پر بھی عمل کریں گے۔ نواز شریف کی قیادت میں ملک دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑا ہو گا۔ مسلم لیگ ن اس ملک کے نوجوانوں کو اپنی تمام تر توانائیوں کا مرکز بنائے گی۔ مسلم لیگ ن اس انتخاب میں غریب آدمی کو غربت کی دلدل سے نکالنے کا بیانیہ لے کر میدان میں اتری ہے۔ مسلم لیگ ن کا پیغام ہر گلی کوچے تک لے جانے میں ورکرز کا کردار کلیدی ہو گا۔