پاکستان کو مسلسل چوتھے ٹی ٹونٹی میں شکست، نیوزی لینڈ 7 وکٹوں سے کامیاب
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں چار صفر کی سبقت حاصل کر لی۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان ٹیم نے 5 وکٹوں پر 158 رنز بنا ئے تھے۔ صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا: صائم ایوب ایک رن پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم 56 کے مجموعے پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ صاحبزادہ فرحان دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 126 کے مجموعی سکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔محمد رضوان 63 گیندوں پر90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو دو ‘ایڈم ملن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 159رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوںپر19 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں ابتدائی 3 کھلاڑی 20 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 رنز پر فن ایلن کی صورت کی گری جب کیوی اوپننگ بیٹر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے، ٹم سیفرٹ کو شاہین شاہ آفریدی نے صفر پر کیچ آؤٹ کیا، شاہین نے صرف 4 رنز پر ول ینگ کو بھی پویلین بھیج دیا۔تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے پاکستانی بائولرز کی جم کر دھلائی لگائی اور ٹیم کو جیت سے بھی ہمکنار کرایا۔ ڈیرل مچل 72 اور گلین فلپس 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے‘ چوتھی وکٹ کیلئے 139 رنز کی شراکت ہوئی۔ تینوں وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں۔ڈیرل مچل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائیگا۔