تشدد ، انتہاپرستی کا علاج صرف صوفیاء کی تعلیمات میں ہے:گورنر پنجاب
لاہور( خصوصی نامہ نگار ) فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے خواجہ اجمیرؒ کی تعلیمات کا ابلاغ ضروری ہے۔ تشدد اور انتہاپرستی کا علاج صرف اور صرف صوفیاء کی تعلیمات میں ہے۔ جو سراسر حسن اخلاق احترام آدمیت، مروت اور انسان دوستی کی امین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار داتا دربار میں منعقدہ ساتویں انٹر نیشنل ’’ خواجہ اجمیرؒ عالمی تصوّف کانفرنس‘‘ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب میاں محمد بلیغ الرحمن، وزیر اوقاف بیرسٹر سیّد اظفر علی ناصر اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ اجمیرؒ نے خطے میں شرفِ آدمیت اور تکریم انسانیت کولازم کیا۔رنگ ونسل اور علاقائی ولسانی تعصبات اور فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کی۔اس موقع پر مہمانوں میں کانفرنس کا سووینئر اور کتب بھی تقسیم ہوئیں۔مزید یہ کہ گو رنر پنجاب نے وزیر اوقاف، سیکرٹری اوقاف اور دیگر عمائدین کے ہمراہ مزار پر انوار حضرت داتاگنج بخشؒ پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور پھو ل پیش کیے۔