مفتی محمد حسین نعیمی کو خراج عقیدت کیلئے’’مفتی اعظم پاکستان سیمینار‘‘کل ہوگا:راغب نعیمی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ دین کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بانی جامعہ نعیمیہ نے پوری زندگی اسلام کی ترویج واشاعت میں گزاری۔ مفتی محمد حسین نعیمی کی خدمات جلیلہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے’’مفتی اعظم پاکستان سیمینار‘‘ کل ہو گا جس میں ملک بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، سکالرز، سماجی و سیاسی زعماء شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 21 جنوری کو سالانہ جلسہ دستار فضیلت کے موقع پر عالم، مفتی کورس، حفظ و تجوید کے 200 سے زائد طلبہ کو سند فراغت سے نوازا جائیگا۔مفتی اعظم پاکستان سیمینار کا عنوان ’’غزہ اور فلسطین کی موجودہ صورتحال اورمسلم امہ کی ذمہ داریاں‘‘ ہو گا۔