الیکشن اخراجات، پنجاب پولیس نے 1 ارب 19 کروڑ مانگ لیے
لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس نے الیکشن کے دوران سکیورٹی، نفری کے کھانے پینے، پٹرول اور دیگرآلات کی خریداری و اخراجات کیلئے ایک ارب 19 کروڑ مانگ لئے۔ ذرائع کے مطابق ازسر نو سروے کرکے پولنگ سٹیشنز کی سکیم بھی الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئی۔ الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے آئی جی آفس میں کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا۔کنٹرول روم اے آئی جی آپریشنز کی سربراہی میں کام کرے گا۔کنٹرول روم میں 15 اضافی ڈیٹا انٹری آپریٹرز تعینات کردئیے گئے ہیں،کنٹرول روم سے جلسے جلوسوں کے دوران تمام خلاف ورزیوں کے حوالے سے رپورٹس لی جائیں گی۔ اضلاع میں انسپکٹر رینک کے افسران کنٹرول روم میں بروقت رپورٹس کیلئے فوکل پرسنز مقررکردئیے گئے۔ الیکشن ڈے پر ڈیوٹی کیلئے ایک لاکھ30ہزار جوان فرائض سرانجام دیں گے۔