• news

میچ کے دوران ایک لمحے کی خاموشی کے بعد سٹیڈیم فلسطین کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر غاصب اسرائیل کے مظالم پر دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز قطر میں فٹبال سٹیڈیم فلسطینیوں کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا۔ صرف کھیل کے میدان ہی نہیں بلکہ امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میںآزاد فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں جن میں غزہ میں فوری مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ قطر میں جاری ایشین کپ میں یو اے ای اور فلسطین کی ٹیموں کیخلاف مقابلے میں سٹیڈیم ایک بار بھر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں لگائے جانے والے نعروں سے گونج اٹھا اور شائقین نے با آواز بلند ایک آواز میں آزاد، آزاد فلسطین کے نعرے لگائے۔ متحدہ عرب امارات کیخلاف فلسطینی فٹبال ٹیم کے مقابلے کے دوران سٹیڈیم میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیلئے کِک آف پلے سے قبل خاموشی بھی اختیار کی گئی اور دونوں ٹیمیں خاموشی کیساتھ قطار میں کھڑی ہو گئیں۔ میچ شروع ہونے سے قبل فلسطینی کھلاڑیوں نے قومی ترانے کے بعد شائقین کو تالیاں بجا کر داد بھی دی جس کے بعد باقاعدہ مقابلہ شروع ہوا۔ تاہم میچ شروع ہونے سے قبل الجنوب سٹیڈیم کے اردگرد بلند آواز کیساتھ نعرے لگنا شروع ہو گئے تھے۔ خاموشی کے دوران لگانا بھی بند کر دیے گئے تاہم اس کے بعد سٹیڈیم پھر ان ہی نعروں سے گونجتا رہا۔ اس سے قبل ایران کیخلاف فلسطینی ٹیم کے مقابلے میں بھی نعرے لگائے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن