ایرانی حملے کے خلاف ملک میں یوم مذمت منایا گیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ایرانی حملے کے خلاف یوم مذمت منایا گیا۔ اس موقع پر علماء و مشائخ، آئمہ و خطباء نے کہا ہے کہ ایران نے پاکستان کی حدود میں حملے کرکے ریڈ لائن عبور کی ہے ، ریاست و افواج پاکستان نے آپریشن مرگ بر سرمچار کے ذریعے ان حملوں کا بھرپور جواب دے کر ناصرف یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اس آپریشن پر ریاست و افواج پاکستان کو پوری قوم کی حمایت و تائید حاصل ہے۔ ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا ابو بکر حمید صابری ودیگر نے کہا ہے کہ ایران نے پاکستان پر حملے کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی جبکہ پاکستان نے جوابی ردعمل میں بھی عالمی قوانین کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا۔ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورموں پر دونوں ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ اس مثالی صورت حال میں ایران کی طرف سے بلوچستان کے دیہی علاقے پر ڈرون حملے ایسا واقعہ تھا جس پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دھچکہ لگا۔ لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایران حملے کے خلاف پاکستان کو تمام عرب اسلامی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے کارکنان نے پروفیسر ساجد میر کی اپیل پرپاکستان پر ایرانی حملے کے خلاف جمعہ کے روز یوم احتجاج منایا۔ علما نے خطبات جمعہ میں ایران کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کی اورایرانی حملے کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔لاہور میں مرکزاہل حدیث راوی روڈ پر مرکزی راہنما علامہ محمد شفیق خاں پسرور ی اور حافظ بابر فاروق رحیمی کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔کارکنوں نے ایرانی جارحیت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر ایرانی حملے کی مذمت میں نعرے درج تھے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ یہ عمل ایک عام پاکستانی کیلئے بھی ناقابل قبول ہے۔تحریک دعوت توحید کے زیراہتمام ملک بھرمیں ایران کے خلاف اورپاک فوج کے آپریشن ’’مرگ برسرمچار‘‘کی حمایت میں زبردست ریلیاں نکالی گئیں۔کریم بلاک اقبال ٹاؤن لاہورمیں جمعہ کے اجتماع اوربعد ازاں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کہا کہ تحریک دعوت توحید کا ہرجوان چلتاپھرتاپاکستان ہے اورپاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔