300 یونٹ مفت بجلی، خوشی ہے ہمارا منشور بلاول کو پسند آیا: علیم خان
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج غریب آدمی کا جینا مشکل ہو چکا ہے اور لوگ ایسے حالات میں ہیں جنہیں بیان کرنا بھی ممکن نہیں۔ لیکن حکومت کا کام عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے اور ان شاء اللہ ہمارا منشور ہر لحاظ سے آئیڈیل ہے۔ 300یونٹ مفت بجلی دینے سے کافی حد تک لوگوں کو مشکلات سے نجات ملے گی اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے منشور کے نکات بلاول بھٹو کو بھی پسند آئے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا کسان پیکج بھی شاندار ہے کیونکہ ساڑھے12ایکڑ اراضی والے چھوٹے کسان کو مفت ٹیوب ویل کی بجلی ملنے سے زرعی پیداوار کی لاگت میں کمی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں این اے117سے اپنی انتخابی مہم کے آغاز کے موقع پر داتا دربار حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بعد ازاں عبدالعلیم خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ داتا دربار سے بذریعہ جی ٹی روڈراوی پل پہنچے جہاں پی پی146سے امیدوار صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ نے اْن کا شاندار استقبال کیا اور جلوس کی شکل میں عبدالعلیم خا ن نے سعید پارک، مقبرہ موڑ، ریلوے پھاٹک، حسنین کالونی اور پرانا نارووال روڈ پر استقبال کیلئے آنیوالے شہریوں سے خطاب کیا جہاں انہوں نے کہا کہ اگر انہیں عوام نے موقع دیا تو وہ شاہدرہ کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے والہانہ استقبال کرنے پر شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔ بادامی باغ سے شاہدرہ تک شہریوں کا جم غفیر امڈ آیا، موٹر سائیکل سواروں نے بھی استقبال کیا،نوجوان رقص کرتے رہے، سارا علاقہ'' عبدالعلیم خان ہماری ضرورت اور ضد ہے ''کے نعروں سے گونج اٹھا۔