عوام دوست منشور ، لوگوں کو تھانہ کچہری کی سیاست سے نجات دلاؤں گا، جہانگیرترین
ملتان، لودھراں (سپیشل رپورٹر، خبر نگار، نمائندہ نوائے وقت، ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے آئی پی پی رہنما، امیدوار برائے حلقہ پی پی 227 لودھراں مہر محمد اشرف سیال کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پی پی عوام کی خدمت کے لئے وجود میں آئی ہے۔ اقتدار میں آکر ایسے کام کریں گے جس سے ملک اور عوام خوشحال ہونگے۔لودھراں، ملتان، جنوبی پنجاب اور پاکستان کو مثالی بنائیں گے۔ملک مضبوطی سے چلے گا تو سب کچھ ٹھیک ہوگا۔ ایماندار اور سمجھدار لوگوں کے اوپر آنے سے معیشت ٹھیک ہوگی۔ معیشت مضبوط ہوگی تو پاکستان ترقی کریگا۔ ہمارا منشور عوام دوست ہے۔ لوگوں کو تھانہ کچہری کی سیاست سے نجات دلاؤں گا۔ عوام کے ساتھ ظلم و جبر کرنے والوں کی ایسی تیسی کر دیں گے۔ لودھراں نے ہمیشہ مجھے عزت دی، یہاں کے لوگ میرے دل کے قریب ہیں۔ یقین دلاتا ہوں کہ اگلے پانچ سال پہلے سے 5 گنا زیادہ ترقیاتی کام کرائیں گے۔ اپنے بیٹے کو نصحیت کی ہے کہ ہمیشہ لودھراں کے عوام کی خدمت جاری رکھنی ہے۔ لودھراں کے علاؤہ ملتان سے الیکشن لڑ رہا ہوں ملتان میں بھی جو کام نہیں ہوسکے وہ بھی کراؤں گا۔ امیدوار برائے ایم پی اے پی پی 227 مہر محمد اشرف سیال نے کہا کہ جس نے بھی ہمارے ورکرز کے خلاف انتقامی کارروائی کی ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ لودھراں شہر کی 13 یونین کونسلوں سے تاریخی لیڈر لیکر بھرپور کامیابی حاصل کرینگے۔ 8 فروری کو عقاب پر ٹھپہ لگائیں اور اپنی بھرپور محبت کا ثبوت دیں۔ ورکرز کنونشن سے ملک شاہنواز کلیار, ارسلان نواز بھٹہ، رانا ارسلان خان، حافظ صدیق ارائیں، سید رضا شاہ گیلانی، ارشد شاہ بخاری، مہر فیصل اکرم ، ارشاد عباس گھلو، کائنات رضا نے خطاب کیا جبکہ ورکرز کنونشن میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ علاؤہ ازیں جہانگیر ترین نے واہی داؤد خان میں فوری طور پر ڈسپنسری کے قیام کا اعلان کیا۔کوٹ مٹھن سے سجادہ نشین دربار خواجہ غلام فرید خواجہ عامر فرید کوریجہ نے بھی جہانگیر خان ترین اور مہر محمد اشرف سیال کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے خصوصی دعا کرائی۔ دریں اثناء سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹر خالد خان خاکوانی کی رہائش گاہ پر گئے ،اس موقع پراسحاق خان خاکوانی ،موسی خان خاکوانی ،حمزہ خان خاکوانی ، ضلعی جنرل سیکرٹری محمد راشد خان ، سٹی جنرل سیکرٹیری شیراز خان ملیزئی سمیت ان کے عزیز واقارب بھی موجود تھے،دوران گفتگو ڈاکٹر خالد خان خاکوانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے تمام ونگز کارکنان اور عہدیدارن نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہیاور مجھے پورا اختیار دیا ہے جس پر میں پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے جہانگیر خان ترین کی حمایت کا اعلان کرتا ہوںجہانگیر خان ترین نے ڈاکٹر خالد خان خاکوانی کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی الیکشن جیت کر عوام کو ان کے حقوق ان کی دہلیز پر دے گی۔