نگران حکومت غیر آئینی اقدام کرے گی نہ کسی سے امتیازی سلوک کر رہی: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر سنگین الزامات ہیں، انہیں سزا ہو چکی ہے، کوئی بھی ملک سنگین جرائم میں ملوث کسی شخص تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا، کسی سیاسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ریاستی میڈیا پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، نگران حکومت آئین کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔ یہ بات انہوں نے ویان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات8 فروری 2024 کو ہوں گے، اس حوالے سے نگران حکومت پرعزم ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں، مسلم لیگ (ن)کو سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں تو وہ کہیں گے سیکورٹی مسائل کی وجہ سے ہمیں بلوچستان اور کے پی کے میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔ ، انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر سنگین الزامات عائد ہیں، انہیں سزا ہو چکی ہے، ان کی سزا ختم نہیں ہوئی اور کوئی بھی ملک کسی سنگین جرائم میں ملوث شخص تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا۔ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو ریاستی میڈیا پر یکساں کوریج دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کا انتظار کرنا چاہئے، مجھے امید ہے کہ انتخابات سیاسی استحکام کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ اگر افغانستان کی عبوری حکومت ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو پناہ دیتی ہے تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا مستقبل ٹھیک نہیں لگتا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی دہشت گروہ جب تک ہتھیار نہیں ڈال لیتا بات نہیں ہو سکتی۔