ملکی وسائل ، منصوبہ سازی پر طاقتور اشرافیہ قابض ہے: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، ممتاز دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف اور جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ ملکی وسائل اور منصوبہ سازی پر طاقتور اشرافیہ قابض ہے۔ وہ ملک کو آئینی اور جمہوری اصولوں پر چلانے کی بجائے اپنے مفادات کے مطابق چلا رہا ہے۔ عوام اس نظام کے بجائے بہتر مستقبل کیلئے سوچ رکھتے ہیں اور یہ ان کی فطری خواہش ہے لیکن جب اس سوچ کے آگے نظام رکاوٹ بن جائے تو رد عمل فطری ہے۔ ملک محاذ آرائی اورسیاسی کشیدگی کا مسلسل شکار ہے اور یہ ٹکرائو نئے مسائل کا سبب بن رہا ہے۔ ہم عجیب دور اہے پر کھڑے ہیں اور سیاسی ، معاشرتی اور معاشی یکسانیت پیدا کرنے میں ناکام ہوتے جا رہے ہیں۔ اس صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ اپنی اپنی محدود فکر اور سوچ سے نکل کر نئی حکمت عملیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔