فیروز والہ : لاکھوں کے ڈاکے ‘ڈاکوئوں کاشہریوں ‘خواتین پر تشدد
فیروزوالہ( نامہ نگار) کوٹ عبدالمالک ،جمال ٹاؤن اور فیض پور خورد میں شدید دھند کے دوران ڈکیتی کی 7 خوفناک وارداتیں ہوئیں جبکہ ڈاکوؤں نے خواتین کیساتھ بدتمیزی بھی کی۔جمال ٹاؤن میں چار ڈاکو محنت کش وقار یونس کے گھر میں دیواریں پھلانگ کر داخل ہو گئے‘ تمام اہل خانہ کو اٹھا کر ایک قطار میں کھڑا کر دیا اور باری باری تمام خواتین کی طلائی چوڑیاں اتروائیں اور طلائی بالیاں کانوں سے نوچیں اور بعد میں گھر کی تلاشی لے کر 40 ہزار روپے اور دیگر قیمتی اشیاء نکال کر لے گئے۔ فیض پور خورد میں مقامی تاجر احسان شبیر کے گھر پانچ ڈاکو اہل خانہ سے پانچ تولے زیورات سات لاکھ روپے ایک لائسنس یافتہ رائفل اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ہسپتال چوک میں تین موٹر سائیکل سوار ڈاکو دن دیہاڑے نوجوان اعجاز احمد سے تین لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے‘ وہ قریبی بینک سے رقم نکلوا کر گھر جا رہا تھا۔ کالا خطالی روڈ پر ڈاکووں نے نجی سکول کی ویگن روک کر لوٹ لی‘ ڈاکو ڈرائیور اور طلبہ سے نقدی چھین کر لے گئے۔ شرقپور روڈ پر نصیرہ آباد کے قریب ڈاکوؤں نے ویگن روک کر لوٹ لی۔ ڈاکو سواریوں سے ہزاروں روپے نقدی ‘موبائل اور دیگر قیمتی اشیا چھین کر لے گئے ۔کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکو معصوم علی کے گھر داخل ہو کر ایک لاکھ روپے نقد رقم اور 10 لاکھ مالیت کے زیورات دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔