زہریلی پولرائزیشن خاتمہ کیلئے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں زہریلی پولرائزیشن کے خاتمے کے لیے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی 8فروری کے بعد کامیاب ہوکر تمام سیاسی پارٹیوں کو میز پر لائے گی تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ممکن بناکر مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔ دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6 ریحان پور، یونین کونسل لاجبوک اور دیگر مقامات پر انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افراد میں اختلاف رائے معاشرے کی تنوع اور ترقی کا باعث بنتا ہے۔ امیدوار صوبائی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر 40سالہ معاشی منصوبہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جماعت اسلامی نے الیکشن منشور میں جہاں پانچ سالہ انقلابی منصوبہ دیا ہے وہیں وہ تمام بنیادی نکات بھی وضح کیے ہیں جو طویل مدت کے لیے ملک کی ضرورت ہیں۔ منتخب ہوکر منشور پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچیوں کی تعلیم کے لیے جماعت اسلامی ہر ڈویژن کی سطح پر بہترین یونیورسٹیاں بنائے گی۔ پرائمری ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دیں گے۔ ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری پر توجہ دی جائے گی، توانائی کے شعبے میں جدت لائیں گے۔ بجلی چوری اور لائن لاسز کا خاتمہ کرکے شہریوں کو وہی بل بھیجے جائیں گے جس قدر بجلی خرچ ہوگی، موجودہ بلز میں پندرہ اقسام کے ٹیکسز شامل ہیں جو سابقہ حکومتوں کی جانب سے عوام پر بے جا طور پر لادے گئے ہیں، یہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کی تابعداری ہے، ہم معیشت سے سود کا خاتمہ کریں گے۔ عوام نے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے علاوہ ڈکٹیٹروں کی حکومتوں کو بھی دیکھ لیا، ان حکمرانوں نے ملک میں سوائے بے روزگاری، مہنگائی اور غربت میں اضافہ کے اور کوئی کام نہیں کیا۔ سابق حکومتوں نے کشمیر پر سودے بازی کی۔ یہ فلسطینیوں کے حق میں نہیں بولے، اگر عوام کلین گرین کرپشن فری پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں تو الیکشن کے دن آزمودہ پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔