امریکہ کیخلاف صرف ہم نے آواز اٹھائی، کارکن اسلام آباد کیلئے ووٹ مانگیں: فضل الرحمن
لکی مروت (نوائے وقت رپورٹ) قائد جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کارکن ہر دروازے پر جائیں اور اسلام کیلئے ووٹ مانگیں۔ لکی مروت میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ آج یہودیوں کے مظالم پر پوری دنیا خاموش ہے۔ یہودیوں کے ایجنڈے کا پہلے روز سے مقابلہ کیا اور اسے چاروں شانے چت کر دیا۔ ووٹ کی پرچی یہودیوں کے خلاف جہاد ہے اور اللہ نے ہمیں اس جہاد کا موقع دیا ہے۔ افغانستان کے درمیان تلخیوں کے خاتمے کیلئے ہم میدان میں اترے ہیں، تمام افغان حکومتیں ہندوستان دوست رہی ہیں اب موجودہ حکومت پاکستان دوست رہے گی۔ اسرائیل ایک ناسور ہے اللہ نے ہمیں یہ توفیق دی کہ قطر میں حماس کی قیادت سے ملے اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔ دنیا میں کوئی بھی امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتا لیکن ہم پرواہ نہ کرتے ہوئیاس کے خلاف گئے، اگرعالمی سطح پر بھی امریکہ اور یورپی ممالک کے خلاف کسی نے آواز بلند کی ہے تو صرف ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے بہت پسماندہ ہیں، جمعیت کو2002ء میں ایک موقع ملا تھا میں چیلنج کرتا ہوں کہ جتنے ترقیاتی کام ہم نے کرائے کسی نے نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اسمبلیاں ایسے لوگوں سے بھری ہوتی ہیں جو اسلام کے خلاف قوانین بناتے ہیں، ہم نے پارلیمنٹ میں ہمیشہ ایسے لوگوں کا راستہ روکا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوام کا مفت علاج ہمارا منشور ہے۔ خیبرپی کے کے اضلاع میں معیاری ہسپتال قائم کریں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف کھڑے ہونے والے آج اسی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔