سپریم کورٹ: فیض آباد دھرنا کمشن کو کارروائی کی تکمیل کیلئے ایک ماہ کی مہلت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنے کی تحقیقات کے لیے قائم کمشن کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فیض آباد دھرنے کے محرکات جاننے کے لیے قائم کمشن کی مدت میں توسیع کی درخواست پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے3 رکنی بنچ نے سماعت کی، جس میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل تھیں۔ کمشن کی جانب سے تفصیلی عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ فیض آباد دھرنا انکوائری کمشن کی کارروائی مقررہ دو ماہ میں مکمل نہیں ہو سکی۔ اس ضمن میں حکومت نے دو متفرق درخواستیں دائر کی ہیں، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے دریافت کیا کہ کمشن کو مزید کتنا وقت چاہیے، جس پراٹارنی جنرل نے ایک ماہ کی مہلت طلب کی۔ عدالت نے حکمنامہ لکھوایا کہ کمشن نے 11 والیمز پر مشتمل عملدرآمد رپورٹ سربمہر لفافے میں جمع کرائی، تاہم کمشن کی رپورٹ کا ابھی جائزہ نہیں لیا گیا۔ کمشن کی رپورٹ کا جائزہ لے کر ضروری ہوا تو ممکن ہے آئندہ سماعت پر حکم جاری بھی کیا جائے گا۔ حکم نامے کے مطابق کمشن کی رپورٹ کا جائزہ لیکر مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی ہے۔