• news

غیرملکی صحافیوں کو اجازت نامے جاری: چیف الیکشن کمشنر سے وزیر مواصلات کی ملاقات، تیاریوں کا جائزہ

اسلام آباد(وقائع نگار )  الیکشن کمیشن نے انتخابات 2024 کی کوریج کے لیے غیرملکی صحافیوں کو اجازت نامے جاری کردیے۔ پہلے مرحلے میں 13 ممالک کے 49 صحافیوں کو  الیکشن کوریج کے اجازت نامے دیے گئے ۔ چین، جاپان، امریکا، برطانیہ،کینیڈا، فرانس، ہانگ کانگ، سربیا، سویڈن، جرمنی، آسڑیلیا، تھائی لینڈ اور  سنگاپور کے صحافیوں کو بھی اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 2لاکھ ایکریڈیشن کارڈ پرنٹ کیے گئے ہیں۔ یورپی یونین،کامن ویلتھ ممالک کے وفود بھی الیکشن کا مشاہدہ کرنیکے لیے آئیں گے۔دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے امیدواران اور سیاسی جماعتوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ الیکشنز ایکٹ سیکشن 182 کے مطابق 6فروری اور7فروری2024 کی درمیانی شب 12بجے کے بعد کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا سیاسی سرگرمی پر پابندی ہوگی۔ قانون  کی خلاف ورزی  پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی ایسٹ کے ایک انتخابی حلقے میں کھلے عام ہوائی فائرنگ کا سخت نوٹس لیا ہے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے عرفان اللہ مروت امیدوار برائےPS-105 کو ضابطہ اخلاق کی شق17کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس دیدیا، دو یوم کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کی نگرانی کے لیے وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے کنوینر نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات، میری ٹائم افیئرز اور ریلوے شاہد اشرف تارڑ  نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ میں ملاقات کی۔ نگران وفاقی وزیر نے انتخابات کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی تیاریوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے نگران وفاقی وزیر کو مشورہ دیا کہ وہ تیاریوں کا جائزہ لینے کے چاروں صوبائی دارلحکومتوں کا دورہ کریں اور نگران صوبائی حکومتوں، چیف سیکرٹری صاحبان اور آئی جی صاحبان سے ملاقات کر کے انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیں، کسی قسم کی کمی یا کوتاہی کا فوری طور پر ازالہ کریں ۔ الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہان ہے کہ عام انتخابات  آٹھ  فروری کو  ہونگے، 43 ڈی آر اور پنجاب میں ہونگے ، ضابطہ اکلاق کی خلاف ورزی پر ایکشن ہو گا ،  صوبہ مہں سات کروڑ  بتیس لاکھ ووٹر ہیں اور پچاس ہزار پولنگ سٹیشن بنیں گے ۔ پانچ لاکھ سے زیادہ پولنگ عملہ تعینات ہوگا، 31 جنوری تک تیاریاں مکمل ہوجائیں گی ۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے  صوبوں کوجاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹاف کی تربیت کے دوران حاضری کو یقینی بنایا جائے۔غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی فوری معطلی اور ان کے خلاف ضابطے کے مطابق سخت ترین کارروائی یقینی بنائی جائے، اس سلسلے میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن