جمعہ کو نماز استسقا ادا کی جائے گی، طاہر اشرفی
اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رجب حرمت اور عظمت والا مہینہ ہے اس ماہ مقدس میں ملک میں جاری خشک سالی کے خاتمے کے لئے بارش کے لئے خصوصی دعا کی اپیل کرتا ہوں ۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑکی اپیل پر پورے ملک میں 26 جنوری جمعہ کے دن نماز استسقا ادا کی جائے گی طاہر اشرفی نے کہا کہ پچھلے ہفتے میں پاکستان اور برادر ملک ایران کا ذکر رہا ہے ۔ایران کی طرف سے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کی گئی ۔ حالیہ پاکستان ایران کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا۔حکومت پاکستان ، عسکری قیادت اور سلامتی کے اداروں کی بروقت کارروائی اور مدبرانہ فیصلے لائق تحسین ہے۔ حکومت کی طرف سے جو اقدامات کیے گئے اسے پوری دنیا نے سراہا ۔ثابت ہو گیا پوری پاکستانی قوم ایک ہے۔دنیا کے سامنے آ چکا ہے کہ پاکستان کا دفاع بہت مضبوط ہے۔