کراچی: نوکری سے نکالے جانے پر بیوی، 3بچوں کو قتل کرکے خودکشی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کی شارع فیصل پر وائرلیس گیٹ کے مقام پر فلیٹ کے رہائشی شخص نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق میاں بیوی اور 3 بچوں کی لاشیں وائرلیس گیٹ شارع فیصل کے فلیٹ سے ملیں۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون اور 3 بچوں کی لاشیں فرش پر تھیں، شوہر کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ متوفی شخص نے اپنی بیوی اور 3 بچوں کو تیزدھار آلے سے ذبح کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ کو طلب کیا ہے۔ شواہد حاصل کرنے کے بعد لاشیں جناح ہسپتال منتقل کی جائیں گی۔ اہل علاقہ کے مطابق متوفی احسن رضا ملازمت سے نکالے جانے کے بعد سے پریشان تھا۔ دوسری جانب لاشوں کے قریب سے احسن رضا کا مبینہ خط ملا ہے۔ مبینہ خط میں احسن رضا نے بیوی اور بچوں کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ مبینہ خط میں احسن نے قتل کے بعد خودکشی کرنے کا بھی ذکر کیا۔