بلاول کو اقتدار ملا تو سب کو چھت ملے گی، تنخواہیں ڈبل کریں گے: آصفہ بھٹو
لاہور (نامہ نگار) بینظیر بھٹو شہید کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے ہمارے سیاسی مخالفین صرف نعروں کی سیاست کر رہے ہیں، جب ہم مل کر کام کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی۔ ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پی پی 160 اور 161 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں مصباح الرحمن، ثمینہ گھرکی، اسلم گل، علی بدر، قاسم گیلانی، فیصل میر، حاجی عزیز الرحمن چن، عثمان ملک، میاں عمر مصباح، میاں طارق مصباح، میاں قاسم مصباح، پلوشہ خان، بیرسٹر عامر حسن، منور انجم، میاں ایوب، صغیرہ اسلام، سحر کامران، نرگس فیض ملک، نرگس خان، عقیلہ یوسف، فائزہ ملک، شاہدہ جبیں، ڈاکٹر خیام حفیظ، انجم بٹ بھی موجود تھے۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ صرف پیپلز پارٹی نے لوگوں کو گھر دیئے ہیں، سندھ میں غریب سیلاب متاثرین کے لیے گھر بن رہے ہیں، صرف پیپلز پارٹی آپ کی روٹی روزی کا سوچتی ہے، ہم ملاز مین کی تنخواہ دوگنی کریں گے۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر کسی کو مفت علاج ملنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے سندھ کی دھرتی پر ہسپتال بنائے، پورے ملک سے لوگوں کو سندھ میں علاج کی بہترین سہولیات میسر ہیں، لوگوں کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ 8 فروری کو تیر پر نشان لگا کر بلاول بھٹو کو موقع دیں، میرے بھائی بلاول بھٹو نے ایک بہترین منشور دیا۔ یہ منشور عوام دوست منشور ہے، عوام اگر300 یونٹ مفت بجلی چاہتے ہیں تو تیر پر مہر لگائیں، صحت کی سہولت چاہتے ہیں تو بلاول کا ساتھ دیں، چاہتے ہیں کہ کسان خوشحال ہوں تو تیر پر مہر لگائیں، اگر بھوک کا خاتمہ چاہتے ہیں تو تیر کو کامیاب کروائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ لاہور پاکستان پیپلز پار ٹی کا گڑھ تھا اور رہے گا۔ انشاء اللہ۔ 8فروری کو عوام بی بی شہید کے بہادر بیٹے کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ بلاول بھٹو اہل لاہور کو مایوس نہیں کریں گے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے خطاب کرتے ہویے کہا کہ این اے 127سے چیئرمین بلاول بھٹو کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ انشاء اللہ۔ آصفہ بی بی کی لاہور آمد سے بلاول بھٹو کے الیکشن پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے پیپلز پارٹی کا دس نکاتی ایجنڈا کامیاب ہو گا۔دریں اثناء آصفہ بھٹو زرداری نے عرب سوسائٹی، بہار کالونی،کوٹ لکھپت میں پارٹی کارکنوں اور کلفٹن کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 فروری کو لاہور کے عوام تیر کے نشان پر مہر لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کی جیت پر مہر ثبت کریں گے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسعت دی جائے گی تاکہ ملک کی خواتین کو بااختیار بنایا جا سکے اور مالی آزادی حاصل ہو سکے۔ لاہور کے عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں تاکہ ملک ترقی کرے اور عوام ترقی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مفت علاج اور پورے پاکستان میں NICVD کے ذریعے بچوں کے علاج معالجے کی سہولیات پی پی پی کے منشور کا حصہ ہیں۔