• news

مخالفین کے مقابلے میں نوازشریف کی معاشی کارکردگی بہترین، مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ، بلوم برگ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) بلوم برگ نے سیاسی مخالفین کے مقابلے میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی معاشی کارکردگی کو بہتر قرار دے دیا۔ عالمی مالیاتی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 30 سال میں سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نواز شریف کی معاشی کارکردگی بہترین رہی۔ معاشی مشکلات میں نواز شریف نے پی ٹی آئی اور پی پی پی سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ "مزری انڈیکس" میں مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاشی مشکلات کو دیکھا جاتا ہے۔ معاشی مشکلات کو دیکھ کر کسی حکومت کی معاشی کارکردگی کا تجزیہ اور موازنہ کیا جاتا ہے۔ اپنی رپورٹ میں بلوم برگ کا کہنا ہے کہ 1990 سے اب تک سیاسی حکومتوں کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی اب بھی مقبول سیاستدان ہیں لیکن جیل میں ہیں۔ نواز شریف 8 فروری کو اقتدار کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔ حالیہ سروے میں بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت 57  جبکہ نواز شریف کی 52 فیصد ہے۔ گزشتہ چھ ماہ میں نواز شریف کی مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بھارت کے بارے میں بلوم برگ نے کہا انتخابات کے پیش نظر مودی سرکار کے ہندو پرست متعصبانہ اقدامات جاری ہیں۔ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت سیکولر ریاست ہونے کا مقام کھو بیٹھا ہے۔ امریکی میڈیا بلوم برگ کے مطابق مودی سرکار نے بھارت میں بڑھتی ہوئی قوم پرستی کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور رام مندر کی تعمیر کے وعدے پر مودی اپنی سیاست چمکاتا رہا۔ بلوم برگ نے کہا کہ مودی بھارت میں پچھلے 10سال سے جاری کرپشن، معاشی بحران، بے روزگاری اور مہنگائی کو ختم کرنے میں ناکام رہا۔ مودی نے 2024ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد بھارت میں ہندوتوا نظام رائج کرنے، متنازعہ مندروں کی تعمیر اور مسلمانوں پر زمین مزید تنگ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن